تہران – ارنا – بیروت اور لبنان کے دیگر علاقوں میں پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات میں  نئے وسیع دھماکوں کی خبر ہے۔   

 ارنا نے لبنانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے  کہ بیروت کے جنوبی علاقے اور لبنان کے بعض دیگر علاقوں میں پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات میں  نئے دھماکے ہوئے ہیں۔

 اس رپورٹ کے مطابق  آج کے دھماکوں کے بعد بعض اپارٹمنٹس اورگاڑیوں نیز موٹر سائیکلوں میں آگ لگ گئی ۔

بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ آج بیروت کے ضاحیہ جنوبی میں شہیدوں کے جنازے میں بھی دھماکہ ہوا ہے۔

لبنان میں آج مواصلاتی آلات کے دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

لبنان کے امدادی دستوں اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا گیاہے۔

مقامی ذرائع کے اعلان کے مطابق آج بیروت، بعلبک اور لبنان کے بعض دیگر شہروں میں پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات  کے دھماکوں میں کافی عام شہریوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے اس بارے میں اعلان کیا ہے کہ آج کے دھماکے صرف پیجرس تک محدود نہیں ہیں بلکہ بعض کمپیوٹروں اور وائرلیس سیٹس میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔

رائٹرس نے بھی اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ آج موبائل فونس میں بھی دھماکے ہوئے ہیں اور آج کے دھماکے گزشتہ روز کے دھماکوں  سے مختلف ہیں۔

بعض ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ شہر صیدا میں ایک دکان کے اندر آئفون سمیت موبائل ٹیلفونس میں دھماکے ہوئے ہیں۔    

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ آج کے دھماکوں میں نو افراد شہید اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔