اسلام آباد – ارنا –   پاکستان میں شیعہ مسلمانوں اور پیروان اہل بیت اطہارعلیہم السلام نے ماہ صفر کے آخری ایام میں رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ، نواسہ رسول حضرت امام حسن اور فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہما السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے  مجالس عزا برپا کیں اور ماتمی دستے برآمد کئے

 ارنا کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور پشاور، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت پاکستان کے سبھی شہروں اور قریوں میں ماہ صفرکے آخری ایام کی عزاداری روایتی جوش وجذبے کے ساتھ جاری ہے۔

اٹھائیس صفر کو برصغیر میں میں رسول اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم  شہادت پر مجالس عزا کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے اور رسول اور نواسہ رسول کے تابوت برآمد ہوتے ہیں۔

 اسی کے ساتھ انتس اورتیس  صفر کو فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا منعقد ہوتی ہیں اور آپ کا تابوت برآمد ہوتا ہے۔

البتہ پاکستان اور ہندوستان میں عزاداری کا سلسلہ آٹھ ربیع الاول،  یوم شہادت فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام تک جاری رہتا ہے۔        

 اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے رہائشی کامپلیکس کی مسجد میں بھی ماہ صفر کے آخری ایام کی مناسبت سے مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم ، دیگر سفارتکار اور سفارت خانے نیز اس سے وابستہ اداروں   کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

لیبلز