ارنا کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سنیچر کو روضہ حضرت شاہ عبدالعظیم الحسنی علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین سید علی قاضی عسکر سے ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ استقامتی محاذ سے رابطہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ہم اس محاذ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے استقامت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم استقامتی محاذ اور غزہ کے مظلوم عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ ایران کا آپریشن وعدہ صادق، میدان جنگ اور سفارتی کاری میں گہرے رابطے کی مثال ہے اور اس رابطے کا استحکام شہید امیر عبداللّہیان کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے آپریشن وعدہ صادق کے ذریعے، غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کا ٹھوس جواب دے کر جنگ کے علاقے میں پھیلنے کی روک تھام کی ۔
انھوں نے کہا کہ آج بھی ایسا ہی ہوگا اور ہم اپنی مسلح افواج کی ہم آہنگی سے ملک کے قومی مفادات کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنائيں گے۔
وزيرخا رجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہم نے اپنا دفتر سنبھالنے سے پہلے شہید امیر عبداللّہیان کے مرقد پر حاضری اور ان سے تجدید عہد کو ضروری سمجھا ۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہم خدا عنایت سے، رہبر معظم انقلاب اسلامی کی تدابیر کے سائے میں راہ حق میں آگے بڑھیں گے اور ملک کے قومی مفادات کے تحفظ او سیکورٹی کو یقینی بنائيں گے۔