بغداد – ارنا – عراق کی حکمت ملی پارٹی کے لیڈر سید عمار حکیم نے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو کابینہ کی تشکیل کی مبارکباد پیش کی ہے

ارنا کے مطابق عراق کی حکمت ملی پارٹی کے سربراہ سید عمار حکیم نے جمعرات کو صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں  لکھا ہے کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ آپ کی کابینہ کے اراکین نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔

 سید عمار حکیم نے صدر ایران کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت ایران کا طرز عمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس کو موجودہ حالات کا بالکل صحیح ادراک ہے اور وہ علاقے میں کشیدگی پھیلنے  کی روک تھام کی کوشش کررہی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ آپ کی کابینہ وفاق ملی کی آئینہ دارہے اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ موجودہ مرحلے اور حالات نیز خطرات کا اس کو پورا پورا اداراک ہے اور حقیقت پسندی نیز سیاسی حکمت عملی کے ساتھ موجودہ حالات کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقے میں کشیدگی پھیلنے کی روک تھام چاہتی ہے۔

عمار حکیم نے کہا ہے کہ "مجھے آپ کے طرز عمل، پالیسیوں اور رجحانات پر اعتماد اور یقین ہے۔  

سید عمار حکیم نے اپنے اس پیغام کے ایک اور حصے میں کہا ہے کہ ہم آپ کے لئے کامیابی کی آرزو کرتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آپ کے دور حکومت میں ایران اور عراق دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان روابط اور باہمی تعاون میں مزید فروغ آئے گا۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے بھی گزشتہ روز کابینہ کی تشکیل پر صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے ایران اور عراق، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون جاری رہنے پر زور دیا تھا۔

 [GA1]