ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے آج جمعے کو بھی غزہ پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جبالیا کیمپ کی ایک رہائشی عمارت پر بمباری کردی۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی اس بمباری میں کم سے کم 18 زخمی ہوگئے۔
اس دوران صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کی بٹالین 98 نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پر نیا حملہ شروع کیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی کچھ فوجی گاڑیاں اور بلڈوزر النصیرات کیمپ کے مغربی حصے میں داخل ہوگئے ہیں۔
میڈیا ذرائع نے مغربی اور جنوبی غزہ پر تازہ صیہونی حملوں میں آٹھ فلسطینیوں کی شہادت کی خبردی ہے۔
بعض ذرائع نے خان یونس کے مشرق میں واقع عبسان نامی علاقے میں، صیہونی فوج کے حملے میں شہید ہونے والے دو فلسطینی بچوں کی لاشیں ملنے کی خبر دی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطین کے محکمہ صحت نے جمعرات کی شام اعلان کیا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں پر چار بار حملے کئے جن میں 22 فلسطینی شہید اور 77 زخمی ہوگئے۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ پر دس مہینے سے جاری وحشیانہ صیہونی حملوں میں جمعرات کی شام تک شہید ہونے والوں کی تعداد 39 ہزار 699 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 91 ہزار 722 ہوچکی تھی۔