ارنا کے مطابق حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں لکھا ہے کہ ہم حماس اور پوری فلسطینی قوم کی جانب سے صدر منتخب ہونے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ہم یہ پیغام ایسے عالم میں ارسال کررہے ہیں کہ فلسطینی قوم اور استقامتی تحریک اپنی تاریخی جنگوں میں پر افتخار ترین باب رقم کرنے میں مصروف ہے۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے لکھا ہے کہ فلسطینی قوم کو ایران کی خدمت، مسائل سے نمٹنے، دشواریوں پر غلبہ حاصل کرنے، دشمنوں کے مقابلے میں امت اسلامیہ کی وحدت کی راہ میں آگے بڑھنے اور عالم اسلام کے اہم ترین مسئلے، فلسطین کی حمایت اور مدد میں آپ کی توانائیوں پر پورا یقین ہے۔