تہران – ارنا –  فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے کمشنر نے پیر کو بتایا ہے کہ اس ایجنسی کے  دو ہزار سے زائد کارکن غزہ میں صیہونی فوجیوں کےحملوں میں مارے گئے ہیں۔

ارنا نے فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ انروا کے ہائی کمشنر فلپ لازارینی نے بتایا ہے کہ اس امدادی ادارے  کے 2000 کارکن غزہ کی جنگ میں شہید ہوچکے  ہیں ۔

 انھوں نے بتایا ہے کہ انروا کے کارکن غزہ پر صیہونی فوج کا حملہ شروع ہونے کے بعد سے ہی نشانے پر رہے ہیں ۔

انروا کے ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں جلد سے جلد جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

فلپ لازارینی کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی کے لئے جنگ بندی ضروری ہے۔

انھوں نے اسی کے ساتھ امریکا کی جانب  سے انروا کی امداد بند ہوجانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے اس امدادی ادارے کی  ایڈ بند  ہوجانے سے غزہ کے ساکنین تک امداد رسانی متاثر ہوئي ہے۔