ارنا کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے اقتصادی جریدے گلوبز نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اگر حزب اللہ اور اسرائیلی حکومت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی اور ہمہ گیر جنگ شروع ہوگئی تو گیس کی جیٹیوں پر حملے ہوں گے اور ممکن ہے کہ گیس کی سپلائی پوری طرح بند ہوجائے۔
مذکورہ اسرائیلی جریدے نے صیہونی حکومت کے توانائی کے شعبے کے ایک ایکسپرٹ " آمیت مور" کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس بات کا امکان زیادہ ہے کہ اسرائیلی حکومت اور حزب اللہ کے درمیان مکمل جنگ شروع ہونے کی صورت میں گیس کی پیداوار پوری طرح رک جائے گی۔
اس صیہونی جریدے نے غاصب صیہونی حکومت کے سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس فیلڈس، گیس نکالنے کے مراکز اور اس میں کام کرنے والوں کو حزب اللہ کے میزائلی حملوں سے بچانے کا انتظام کیا جائے۔
صیہونی جریدے گلوبز نے حزب اللہ سے مکمل جنگ شروع ہوجانے کی صورت میں، گیس نکالنے کے مراکز جیسی بنیادی تنصیبات کے تباہ ہوجانے کی بابت صیہونیوں میں پائی جانے والی وسیع تشویش کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جنگ شروع ہونے کی صورت میں ان مراکز پر حزب اللہ کے حملے ہوں گے۔