اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
ہماری سفارتی امور کے نامہ نگار کے مطابق ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے اس ٹیلی فونی رابطے میں حجاج کرام اور خاص طور سے ایرانی حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے تہران میں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ (ACD) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے 19ویں اجلاس میں سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے تہران-ریاض تعاون میں پیشرفت کو امید افزا قرار دیا۔
باقری نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی دھمکیاں غزہ کے عوام کے خلاف جاری جرائم سے الگ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لیے جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ غزہ اور دیگر علاقوں میں صیہونیوں کے جرائم اور دھمکیوں اور جارحیت کو جلد از جلد روکنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے تہران میں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے وزرائے خارجہ کے 19ویں اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی مشاورت کو مثبت قرار دیا
انہوں نے صیہونی حکومت اور لبنان کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کی ضرورت زور دیا۔
ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان جامع تعلقات کے فروغ کا غزم بھی ظاہر کیا۔