دمشق – ارنا- غاصب صیہونی حکومت کے توپخانے نے آج پیر کو شام جنوبی مغربی علاقے قنیطرہ کے مضافات میں ایک دیہی بستی پر گولہ باری کی

ارنا نے روس کی اسپوتنک نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ قنیطرہ کے مضافات میں واقع الحمیدیہ گاؤں پرغاصب صیہونی حکومت کی جارحانہ گولہ باری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، صرف مادی نقصان ہوا ہے۔

 ایک ہفتہ قبل بھی غاصب صیہونی حکومت نے شام کے شہر قنیطرہ اور درعا کے مضافات پر فضائی حملے کئے تھے۔ غاصب صیہونی حکومت کی اس فضائی جارحیت میں شام کا ایک افسر شہید ہوگیا تھا۔  

غاصب صیہونی حکومت آئے دن شام کے کسی نہ کسی علاقے پر ایسی حالت میں جارحیت کا ارتکاب کرتی رہتی ہے کہ دمشق حکومت بارہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کوخط لکھ کر اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ کرچکی ہے۔

شام کی مسلح افواج اورایئر ڈیفنس فورس نے ملک کےمختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کا بروقت پتہ لگاکر  زیادہ تر حملوں کو ناکام بنادیا ہے۔