ارنا کے مطابق صیہونی روزنامے یسرائیل ٹائمز نے آج رپورٹ دی ہے کہ جنگ وسیع تر ہوجانے کے خوف سے مقبوضہ فلسطین سے الٹی مہاجرت میں اتنی تیزی آگئی ہے کہ پروازوں میں جگہ نہیں بچی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ شروع ہونے کے بعد ابتدائی چھے مہینے میں 5 لاکھ 50 ہزار صیہونی مقبوضہ فلسطین سے بھاگ چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ صیہونی حکومت کی ٹریول ایجنسیوں نے آج اتوار کو اعلان کیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں صیہونی حزب اللہ لبنان کے ساتھ جنگ وسیع تر ہوجانے کے خوف سے مقبوضہ فلسطین سے اس طرح بھاگ رہے ہیں کہ مقبوضہ فلسطین سے باہر کسی بھی ملک جانے کی کسی بھی پرواز میں جگہ نہیں بچی ہے اور بکنگ کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔
صیہونی ماہرین بھی حالات کی ابتری اور صیہونی حکام کے اندرونی اختلافات کے شدید تر ہوجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہتے ہیں کہ اگر حالات اسی نہج پر بڑھتے رہے تو اس حکومت کا مستقبل ختم ہے اور اس کا شیرازہ بکھر جانے کا انتظار کرنا چاہئے۔
ایک سروے رپورٹ میں بھی صیہونیوں کی اکثریت نے مستقبل سے مایوسی کا اظہار اور فلسطینی مزاحمتی تحریک کے ساتھ جنگ بندی اور جنگی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا مطالبہ کیا ہے۔