تہران/ ارنا- صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ پیراٹروپر بریگیڈ کا ایک سینیئر افسر غزہ کے شمالی علاقوں میں ہلاک ہو گیا ہے۔

یدیعوت آحارانوت اخبار نے اس فوجی کا نام آویخائی بتایا ہے کہ جو کہ غزہ کے عوام سے جنگ کے لئے نہاریا علاقے میں تعینات تھا۔

صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ یہ سینیئر فوجی افسر غاصب فوج کی فضائیہ کے حملے میں ہی غلطی سے ہلاک کردیا گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ صیہونی فوج کے جیٹ فائٹروں نے بٹیلیئن 202 کے کمان کو نشانہ بنا دیا جہاں یہ افسر موجود تھا۔

گزشتہ جمعرات کو بھی صیہونی فضائیہ نے جبالیا میں کارروائی انجام دینے والے غاصب فوجیوں کے ایک دستے کو نشانہ بنا ڈالا تھا۔ اس حملے میں بھی 5 صیہونی فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

جمعرات کی رات کو بھی غزہ شہر کے مضافات میں ایک صیہونی فوجی ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے تھے۔ غاصب اسرائیلی فوج نے ہتھیاروں کے ذخیرے میں دھماکے کو ان ہلاکتوں کی وجہ قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ غزہ پر جارحیت جتنی طوالت اختیار کرتی جا رہی ہے اتنا ہی اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق، صیہونی فوجیوں میں خودکشی کے رجحان میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔