المیادین کے حوالے ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے بتایا ہے کہ بحر ہند اور خلیج عدن میں غاصب صیہونی حکومت کے تین بحری جہازوں پر ہمارے ڈرون اور میزائل یونٹوں نے مشترکہ حملے کئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں بحیرہ عرب میں جن اسرائیلی بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے ، ان میں سےایک کا نام ایم ایس سی ڈیگو اور دوسرے کا نام ایم ایس سی جینا ہے ۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا کہ اس آپریشن میں اسرائيلی بحری جہازوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا ہے۔
یحیی سریع نے بتایا کہ اس آپریشن میں صیہونی حکومت کے دو بحری جہازوں کو بحیرہ عرب میں اور ایک بحری جہاز کو جس کا نام ایم ایس سی وٹوریا ہے، بحر ہند میں براہ راست حملے کا نشانہ بنایا گیا ۔
انھوں نے کہا کہ غزہ کے حالات پر ہماری پوری نظر ہے اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی کارروائیاں شدید تر کرنے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ہم اسرائیلی بحری جہازوں کے ساتھ ہی دیگر ملکوں کے ان بحری جہازوں پر بھی اپنے حملے جاری رکھیں گے جو مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے اعلان کررکھا ہے کہ جب تک غزہ کا محاصرہ ختم اور مظلوم فلسطینی عوام پر غاصب صیہونی فوج کے حملے بند نہیں ہوجاتے، صیہونی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے بحری جہازوں کے خلاف حملے جاری رہیں گے۔