لبنانی میڈیا ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مراکزپر میزائل اور ڈرون حملے کئے۔
اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے حملوں کے نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین کے اکثر علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے جس سے صیہونیوں میں سراسیمگی پھیل گئی۔
صیہونی میڈیا ہاؤسز نے مالکیہ اور آویوم نامی فوجی مراکز پر حزب کے حملوں میں متعدد افراد کی ہلاکت کی خبردی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت اور جنوبی لبنان کے دیہی علاقوں پر صیہونی دشمن کے حملوں کے جواب میں المطلہ نامی غیر قانونی صیہونی کالونی میں صیہونی فوجیوں کے ایک مرکز پر براہ راست حملہ کیا گیا۔
حزب اللہ لبنان نے ایک اور بیان میں بتایا ہے کہ اس کے جوانوں نے شلومی نامی صیہونی کالونی میں غاصب صیہونی فوج کے دو مراکز پر حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اسی طرح المنارہ نامی صیہونی کالونی میں بھی صیہونی فوج کے ایک مرکز پر حملہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پرغاصب صیہونی فوج کے حملے شروع ہونے کے بعد سے ہی حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے مراکز پر روزآنہ کی بنیاد پر تسلسل کے ساتھ حملے کئے ہیں ۔
ا کثر صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی محاذ پر غاصب صیہونی فوج پر حزب اللہ کی برتری کا اعتراف کیا ہے۔