تہران – ارنا – جرمنی، آئرلینڈ اور سوئزرلینڈ میں ہزاروں لوگوں نے مظاہرے کرکے غزہ کے عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکوت کے وحشیانہ  جرائم کی مذمت کی۔

  ارنا کے مطابق برلن،ڈبلن اور جنیوا میں بڑی تعداد میں لوگوں نے مظاہرہ کرکے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے اقدامات کو نسل کشی قرار دیا اور فوری جنگی بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

اس رپورٹ کے مطابق برلن  میں  تقریبا دو ہزار لوگوں نے فلسطین کی حمایت میں پوٹس ڈیمر اسکوائر سے پارلیمنٹ تک جلوس نکالا۔

اس ریلی میں شریک افراد نے " اسرائيل بمباری کرتا ہے اور جرمنی اس کی مالی حمایت کرتا ہے" شرم کروشرم کرو" اور اسرائيل کو اسلحے دینا بند کرو، کے نعرے لگائے۔   

بعض مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا ہوا  تھا کہ " ہمارے ٹیکس کی رقم سے اسرائيل کی حمایت بند کرو"  اور " ہم یہودی، نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔"  

اسی طرح جنیوا میں بھی ہزاروں لوگوں نے فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی ۔

   ریلی میں شریک مظاہرین کے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم  اور پلے کارڈ تھے جن پر فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔

مظاہرین نے اسی کے ساتھ مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی حکومت کے مظالم کی مذمت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا۔

 جنیوا میں مظاہرین نے امریکی صدر جو بائيڈن اور اسرائيلی وزیر اعظم بن یامین نتین یاہو کے خلاف بھی نعرے لگائے اور غزہ میں نسل کشی بند کرنے اور فوری جنگ بندی کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔

 اسی طرح  کے مظاہرے ڈبلن میں بھی ہوئے جن میں آئرلینڈ کے عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ڈبلن میں مظاہرین نے اپنے نعروں میں نسل پرست اسرائيل کے بائيکاٹ اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے ۔

لیبلز