ارنا نے فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے جبل الجرمق میں، صیہونی حکومت کا میرون اسٹریٹیجک اڈہ حزب اللہ لبنان کے کئی میزائلوں کا نشانہ بنا ہے۔
صیہونی حکومت کے چینل 12 نے اس بارے میں رپورٹ دی ہے کہ جنوبی لبنان سے میرون اڈے پر دس میزائل داغے گئے۔
میڈیا ذرائع نے اس اڈے پر حزب اللہ کے میزائل لگنے کی فوٹیج بھی نشر کی ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ کریات شمونہ نامی علاقے میں صیہونی فوج کی بریگیڈ 769 کا ہیڈکوارٹر بھی حزب اللہ کے میزائلوں کا نشانہ بنا ہے۔
یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کے بعد غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت نے وحشیانہ حملے شروع کئے توحزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے اسٹریٹجک فوجی اہداف پر حملے شروع کردیئے۔
حزب اللہ لبنان نے اپنے حملوں میں صیہونی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
اس سلسلے میں صیہونی میڈیا نے بارہا اعتراف کیا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے محاذ پر حزب اللہ لبنان کو اسرائیلی فوج پر برتری حاصل ہے۔