تہران – ارنا – وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بدھ کی رات  سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور عراق کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اورمشرق وسطی بالخصوص غزہ کے بحرانی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔  

 ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ہی باہمی روابط اور علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

 دونوں وزرائے خارجہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کے حالات کا جائزہ لیا، صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور غزہ نیز غرب اردن کے عوام کے مصائب و آلام کے خاتمے پر زور دیا۔

 قطری ہم منصب سے  گفتگو

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیاں نے اپنے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کے ساتھ جو اپنے ملک کے وزیر اعظم بھی ہیں،  ٹیلیفونی گفتگو میں انہیں  عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔  

 ایران اور قطر، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی روابط اور غزہ کے موضوع نیز علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں  چھے مہینے سے جاری مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے ساکنین پر وحشیانہ ترین مظالم کا سلسلہ بند ہونے پر زور دیا اورامید ظاہر کی  کہ اسلامی ممالک سعی و کوشش اور عالمی برادری کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں کے احساس کے نتیجے میں، غزہ کے عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل عمل میں آئے گی اور غزہ کے مظلوم عوام کو قحط و بھوک مری سے نجات ملے گی۔

 اپنے امارتی ہم منصب سے ایران کے وزیر خارجہ کی گفتگو

   ایران اورمتحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ ، حسین امیر عبداللہیان اور عبداللہ بن زائد آل نہیان نے  ٹیلیفون پر ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اورباہمی روابط ، مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم اور علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا ۔

 ایران اور متحدہ عرب امارت ، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں،  ماہ رمضان المبارک میں عیدالفطر کے دن بھی غزہ اور غرب اردن کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم جاری رہنے کی مذمت کی اور خاص طور پر فلسطینی عوام کا قتل عام بند کرنے کے لئے  صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے اسلامی ملکوں کے متحدہ موقف کی ضرورت پر زور دیا ۔ 

 ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں امید ظاہر کی کہ مسلم ممالک، اسلامی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں کی سعی و کوشش سے غزہ کے عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچے گی اور انہیں موجودہ سخت ترین حالات سے نجات ملے گی۔

 عراقی ہم منصب سے گفتگو

 وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر گفتگو اور تبادلہ خیال کیا۔

 انھوں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں اپنے عراقی ہم منصب کو عیدالفطر کی مبارکباد  اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔

 اس ٹیلیفونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے گہرے دوستانہ اور اسٹریٹیجک روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ اور علاقائی نیز بین الاقوامی تعاون میں توسیع پر زور دیا گیا۔   

 حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ کو تعزیت

وزیر خارجہ حسیین امیر عبداللیہان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے نام  پیغام میں، غاصب صیہونی  حکومت کے حملے میں ان کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ بیشک یہ فداکاریاں اور جاں فشانیاں، اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کے عزم محکم اور استقامت و پائیداری میں اضافہ کریں گی اور صیہونی حکومت کی شکست اور زوال کی رفتاری میں شدت پیدا کریں گی ۔

لیبلز