ارنا کے مطابق اردن کے دارالحکومت امان میں جمعے کی رات ہزاروں اردنی شہریوں نے غاصب صیہونی حکومت کے سفارت خانے کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اماں میں غاصب صیہونی حکومت کے سفارتخانے کے سامنے عوام کی بڑی تعداد نے جمعے کی رات ایسی حالت میں احتجاجی مظاہرہ کیا کہ ایک دن پہلے مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں میں اس وقت تصادم ہوگیا تھا جب مظاہرین نے رکاوٹیں ہٹاکر صیہونی سفارت خانے کی طرف جانے کی کوشش کی اور سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اردن کے دارالحکومت امان میں جمعے کی رات صیہونی سفارت خانے کے سامنے مظاہروں میں اردنی عوام نے صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف نعرے لگائے اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا۔
اردنی مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت سے غزہ کے مظلوم عوام پر وحشیانہ حملے بند کرنے اور غزہ کے عوام تک امداد رسانی کے راستے کھولنے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ اردن کے عوام بارہا مظاہروں میں اپنی حکومت سے غاصب صیہونی حکومت کا سفارت خانہ بند کرنے اور اس کے ساتھ ہر طرح کے سفارتی اور تجارتی روابط منقطع کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔