ارنا نے برطانوی روزنامے گارڈین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ خط لیبر پارٹی کی رکن پارلیمان محترمہ زہرا سلطانہ نے تیار کیا ہے اور اس پر برطانوی پارلیمان کے ایوان زیریں ہاؤس کامنس کے 107 اور ایوان بالا ہاؤس لارڈز کے 27 اراکین نے دستخط کئے ہیں۔
برطانوی اراکین پارلیمان نے اپنے ملک کے وزیر خارجہ کے نام اس خط میں لکھا ہے کہ اسرائیل کے لئے برطانوی اسلحے کی برآمدات ہرگز قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ اسرائيل برطانوی اسلحے غزہ کے عوام پر حملوں میں استعمال کرتا ہے۔
برطانوی اراکین پارلیمان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آج غزہ میں اسرائیلی فوج کا تشدد بہت ہولناک ہوگیا ہے اوراس سلسلے میں برطانوی حکومت کوئی جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔
برطانوی اراکین پارلیمان نے اپنے ملک کے وزیر خارجہ کے نام یہ خط ایسی حالت میں لکھا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ چھے مہینے تک جاری رہنے اور دسیوں ہزار بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد بالآخر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فوری جنگ بندی کی قرار داد پاس کی لیکن غاصب صیہونی حکومت نے اس قرار داد کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔