ارنا کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے لئے کام کرنے والے انسانی حقوق کے کارکنوں نے لندن میں اس سڑک پر "جینو سائڈ اوینو" کی تختی نصب کردی ہے جس پر غاصب صیہونی حکومت کا سفارت خانہ واقع ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق لندن میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے اپنے اس اقدام کا مقصد دنیا والوں کی توجہ صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف مبذول کرنا بتایا ہے۔
لندن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے لئے کام کرنے والے انسانی حقوق کی ایک کارکن ٹام گوہا نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام جان لیں کہ نسل کشی پر ان پر مقدمہ چلایا جائے گا، اس مسئلے کو وہ سنجیدگی سے لیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر اگنیس کالامار، غزہ میں فوری جنگ بندی کی سلامتی کونسل کی قرار داد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ، صیہونی حکومت سے غزہ پر حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرچکی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے چھے ماہ بعد، بالآخر پچیس مارچ کو فوری جنگ بندی کی قرار داد پاس کی لیکن غاصب صیہونی حکومت نے اس قرار داد کے باوجود مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔