تہران – ارنا – بین الاقوامی انرجی ایجنسی نے رواں عیسوی سال کے ابتدائی دو مہینے میں ایران میں تیل کی یومیہ پیداوار میں پچاس ہزار بیرل کے اضافے کی خبر دی ہے

 ارنا کے مطابق بین الاقوامی انرجی ایجنسی نے تیل کی منڈی کے بارے میں اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ  رواں عیسوی سال کے دوسرے  مہینے، یعنی فروری میں، اوپیک کی تیل کی پیداوار، 2 کروڑ69 لاکھ 10 ہزار بیرل یومیہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

 اس رپورٹ کے مطابق فروری 2024 میں اوپیک کی تیل کی پیداوار میں جنوری 2024 کے مقابلے میں 1 لاکھ 40 ہزار بیرل یومیہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 بین الاقوامی انرجی ایجنسی کی اس رپورٹ کے مطابق رواں عیسوی سال کے دوسرے مہینے میں،  اوپیک کے رکن 12 ملکوں میں سے چار ممالک، ایران، لیبیا، ونیزوئلا اور سعودی عرب کی تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق فروری 2024 میں ایران کی تیل کی پیداوار گزشتہ ماہ کے مقابلے میں تیس ہزار یومیہ اضافے کے ساتھ، 32 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ۔

بین الاقوامی انرجی ایجنسی کے مطابق رواں عیسوی سال کے پہلے مہینے یعنی جنوری میں بھی ایران کی تیل کی پیداوارمیں یومیہ 20 ہزار بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ عیسوی سال یعنی 2023 کے آخری مہینے میں ایران کی تیل کی پیداوار 31 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ ریکارڈ کی گئی تھی۔       

  بین الاقوامی انرجی  ایجنسی کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں عیسوی سال کے پہلے مہینے میں ایران کی تیل کی پیداوار میں مجموعی طور پر 50 ہزار بیرل یومیہ کا  اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ 2023 میں  ایران کی تیل کی پیدوار میں 4 لاکھ 40 ہزار بیرل یومیہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔    

لیبلز