ارنا کے مطابق نیکارا گوا کے حکام نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اس ملک کی قومی اتحاد کی حکومت اسرائیلی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں جنوبی افریقا کی جانب سے جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کئے جانے کا خیر مقدم کرتی ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ " نیکارا گوا سمجھتا ہے کہ اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں قانونی چارہ جوئی قانون کی پابندی کے سلسلے میں اٹھایا جانے والا اقدام ہے جو نسل کشی سے متعلق کنوینشن کے رکن ہر ملک کا فریضہ ہے ۔
نیکارا گوا کے صدر ڈینیل اورٹگا کی حکومت نے اسی کے ساتھ صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کا محاصرہ اور سرزمین فلسطین سے غیر قانونی قبضہ فوری طور ختم کرے ۔
وینیزوئلا اور بولیویا کی حکومتوں نے بھی فلسطینی عوام کی حمایت میں جنوبی افریقا کے تاریخی اقدام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
وینیزوئلا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے، اسرائیلی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کے جنگی جرائم پر اس کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کےجنوبی افریقا کے اقدام کو مثبت ،تاریخی اور نسل کشی سے متعلق کنوینشن کے مطابق قرار دیا ہے۔
بولیویا کی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ امن و انصاف اور نسل کشی سے متعلق کنوینشن کی پابند ہے اور جنوبی افریقا کے اقدام کو فلسطینی عوام کے دفاع میں تاریخی اقدام سمجھتی ہے اور بین الاقوامی براداری سے اس کی حمایت کا مطالبہ کرتی ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم پر دسمبر کے اواخر میں بین الاقوامی فوجداری عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے ۔
بین الاقوامی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے دائر کردہ مقدمے کی بنیاد یہ ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حکومت کے جنگی جرائم کے اقدامات کا مقصد فلسطینیوں کی نسل کشی اور قومی تصفیہ ہے۔