ارنا کے مطابق صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایک پیغام جاری کرکے شہر کرمان میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے پروگرام کے دوران دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایرانی قوم میدان مجاہدت میں موجود رہے گی ۔
انھوں نے اپنے پیغام میں پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے سابق کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر اس دہشت گردانہ حملے کو ایران کے دشمنوں کا ایک اور دہشت گردانہ سیاہ کرتوت قرار دیا۔
صدر ایران نے اپنے پیغام میں متعلقہ حکام کو اس دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے میں کوئی کمی نہ آنے دینے کی ہدایت کے ساتھ اس بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کے عاملین اور اس کا حکم دینے والوں کا پتہ لگانے اور ان کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔
صدر ایران کے پیغام کا متن یہ ہے ۔
ایک بار پھر مجرمین اور دہشت گردی نیز سیاہی وتاریکی کے کارندوں نے دختر پیغمبر رحمت حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کے یوم ولادت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے فاتح سردارحاج قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر ایک غیر انسانی اور بزدلانہ اقدام میں افسوسناک جرم کا ارتکاب کیا اوراس پروگرام کے شرکا کی ایک تعداد، بے گناہ عورتوں اور بچوں کو شہید کردیا۔
میں اس دہشت گردانہ اور مجرمانہ اقدام کی مذمت کرتا ہوں اور اپنے عزیزوں سے بچھڑ جانے والے غم رسیدہ کنبوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے، حضرت ولی عصر (عج اللہ تعالی فرجہ الشریف) رہبر معظم انقلاب اسلامی (مد ظلہ العالی) اور ایران کی عظیم اور باشرف قوم کو تعزیت پیش کرتا ہوں نیز خدا وند عالم سے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کے لئے جلد سے جلد شفایابی کی دعا کرتا ہوں۔
میں اس غیر انسانی اقدام کی منصوبہ بند کرنے والوں اور اس کے سیاہ قلب عاملین کا پتہ لگانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی تاکید کے ساتھ صوبائی حکام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس واقعے کی بھینٹ چڑھنے والوں کے رنج والم کی تسکین نیز زخمیوں کے معالجے کے ساتھ ہی شہید پرور شہر کرمان میں نظم و نسق اور سکون بحال کرنے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائيں۔
بیشک ایران کے سیکورٹی اداروں کے اہلکار بہت جلد اس بزدلانہ اقدام کا حکم دینے والوں اور اس پر عمل کرنے والوں کا پتہ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائيں گے۔ دشمنان ملت جان لیں کہ اس قسم کے اقدامات اسلامی اقدار کے دفاع میں ایرانی قوم کے آہنیں عزم و ارادے میں ہرگز خلل نہیں پیدا کرسکتے اور ایرانی عوام، دہشت گردی اور تشدد کے جڑ سے ختم ہونے تک اپنے ملک اور اسلام کے اقتدار اور شرف کے دشمنوں کے خلاف مجاہدت کے میدان میں، پہلے سے زیادہ عزم جزم کے ساتھ موجود رہیں گے۔
سید ابراہیم رئیسی
صدر اسلامی جمہوریہ ایران