ارنا کے مطابق صدر مملکت آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کی کابینہ کے اراکین نے منگل کی صبح ہفتہ حکومت کے قریب آنے کی مناسبت سے حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقدس پرحاضری دی، فاتحہ پڑھی اور آپ کے بتائے ہوئے اصولوں پر باقی رہنے کے عہد کی تجدید کی ۔ صدر مملکت اور ان کی کابینہ کے اراکین نے اسی کے ساتھ شہیدوں کی امنگوں کی تکمیل کا بھی عہد کیا۔
اس موقع پر امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقدس کے متولی حجت الاسلام سید حسن خمینی بھی موجود تھے
صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئيسی اور ان کی کابینہ کے اراکین نے اس کے بعد گلزار بہشت زہرا میں، سابق صدر شہید رجائي اور سابق وزیر اعظم شہید باہنر،شہید ڈاکٹر بہشتی اور سات تیر مطابق اٹھائيس جون 1981 کے دہشت گرانہ حملے میں درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دیگر شہدا کے مزاروں پر بھی حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ایران میں ہر سال 23 اگست کو رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقداس پر صدر مملکت اور اراکین کابینہ کی حاضری سے، ہفتہ حکومت کی تقریبات کا آغاز ہوتا ہے ۔ چونکہ صدر ایران آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی برکس(brics) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے جنوبی افریقا جارہے ہیں، اس لئے انھوں نےاس سال اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ، ہفتہ حکومت شروع ہونے سے ایک دن پہلے ہی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقدس اور بہشت زہرا میں شہیدوں کے مزاروں پر حاضری دی ہے۔