الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گيا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صیہونیوں نے غزہ میں ایک رستوران، ایک بازار اور دو اسکولوں کو تباہ کردیا جہاں آوارہ وطن فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔ اس بیان میں درج ہے کہ ایک دن کے اندر بے گناہ عام شہریوں کا خوفناک انداز میں قتل عام کیا گیا اور دسیوں نہتے فلسطینیوں کو خاک و خوں میں غلطاں کردیا گیا جن کی زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔
اس بیان میں درج ہے کہ ان جرائم کا تسلسل عالمی برادری کی تنزلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے بیان میں آیا ہے کہ عالمی برادری لاپرواہی اور مکاری کے بازار میں اپنا ضمیر بیچ کر ان جرائم کا حصہ بن چکی ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ امریکہ اور مغربی حامیوں کی حمایت میں روزانہ نسل کشی اور قتل عام کا ایک نیا باب کھل رہا ہے اور قتل، بھوک اور تباہی کے ذریعے مظلوموں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فسطین نے عرب عوام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی کہ غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کو روکنے، ان کے مکروہ چہرے کا پردہ فاش کرنے اور غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے عملی اقدامات انجام دیں۔
اس بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ غزہ میں خون کی ندیوں کا بہنا وہ بدنما داغ ہے جسے انسانیت کی پیشانی سے چھڑانا ناممکن ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ فلسطینی عوام اس خاموشی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور مجرموں، ان کے ساتھیوں اور ان جرائم کے سامنے چپ رہنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔