ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ اجتماعی قبر خان یونس کے ناصر اسپتال میں ملی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امدادی دستے نے اسپتال میں ملنے والی اجتماعی قبر سے پچاس شہیدوں کے جنازے باہر نکالے ہیں جنہیں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اجتماعی طور پر دفن کردیا تھا۔
غزہ کے ناصر اسپتال میں اجتماعی قبر کا پتہ لگانے والے امدادی دستے نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس اجتماعی قبر کا اس کو کب پتہ چلا۔
غزہ کے ناصر اسپتال میں اجتماعی قبر ملنے کی خبر اس وقت میڈیا میں آئی جب غرب اردن کے نورشمس کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی یلغار کی خبریں موصول ہوئيں۔
غاصب صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے میں دو دن میں چودہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
دوسری طرف فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ سنیچر کی دو پہر تک چوبیس گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فوجیوں کے چار حملوں میں 37 فلسطینی شہید اور 68 زخمی ہوئے تھے جس کے بعد سات اکتوبر 2023 سے سنیچر کی دو پہر تک صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 43 ہزار 49 اور زخمیوں کی تعداد 76 ہزار 901 ہوچکی تھی۔