ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔
اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے جمعے کو غزہ کے علاقے السدرہ میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری کردی جس میں کم سے کم 25 افراد شہید ہوگئے۔
غاصب صیہونی حکومت نے اسی طرح النصیرات کیمپ میں ایک اسکول پر بھی جس میں بے گھر ہونے والے فلسطینی پناہ گزین ہیں،بمباری کردی۔
اس حملے میں متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے جمعرات کی شام نئے اعدادوشمار میں اعلان کیا تھا کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں 33 ہزار 545 فلسطینی شہید اور 76 ہزار 94 زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ابھی بہت سی لاشیں منہدم شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں جنہیں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری رہنے کی وجہ سے نکالا نہیں جاسکا ہے۔