ارنا نے فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں انجام پانے والے تازہ سروے میں 68 فیصد صیہونیوں نے ، جنگ غزہ کے حوالے سے غاصب اسرائيلی حکومت کے وزیر اعظم نتین یاہو کے طریقہ کار سے ناراضگی ظاہر کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس سروے میں جو مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے ریڈیو ٹیلیویژن کے ادارے نے کرایا ہے، 68 فیصد صیہونیوں نے کہا ہے نتین یاہو نے جنگ غزہ صحیح طریقے سے نہیں چلائی ہے۔
اس سروے میں 42 فیصد صیہونیوں نے، آپریشن طوفان الاقصی میں شکست کا ذمہ دار نتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے وزارت عظمی کے عہدے سے ان کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسی طرح صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 کے ایک سروے میں 50 فیصد صیہونیوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سروے کے مطابق صرف 14 فیصد صیہونیوں نے صیہونی حکومت کے وزير اعظم نتین یاہو اور ان کی موجودہ کابینہ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور 49 فیصد نے کہا ہے کہ نتین یاہو نے جنگ غزہ کے حوالے سے سیاسی محرکات کے تحت فیصلے کئے ہیں جبکہ 41 فیصد کا کہنا ہے کہ نتین یا ہو امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ کشیدگی کے ذمہ دار ہیں۔