ارنا کے مطابق انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے دنیا کے دیگرملکوں کے بحری جہازوں پر حملہ نہیں کیا ہے بلکہ بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور باب المندب میں بین الاقوامی جہازرانی اور سمندری نقل و حمل کے تحفظ کی ضمانت دی ہے۔
انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو نے کہا ہے کہ بین الاقوامی جہازرانی کے لئے خطرے کے حوالے سے امریکا کا دعوی اور بارہ ملکوں کا بیان صحیح نہیں ہے بلکہ یہ خطرہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی حکومت کی حمایت میں امریکا کی عسکریت پسندی کے نتیجے میں پیدا ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر غاصب اسرائیلی حکومت کے حملے اور فلسطینی عوام کی نسل کشی چوتھے مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ نام نہاد بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر فلسطینی عوام کے قتل عام پرمبنی صیہونی حکومت کے جرائم کی روک تھام ک لئے دباؤ بڑھایا جائے۔
انصاراللہ یمن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر صیہونی حکومت کو امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کا تعاون حاصل نہ ہوتا اورانہوں نے غزہ میں غیر فوجیوں کے خلاف جرائم جاری رکھنے میں اس کی حوصلہ افزائی نہ کی ہوتی تو وہ خونریزی نہ ہوتی جو تین مہینے سے جاری ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کا محاصرہ سخت کرکے فلسطینی عوام کا قتل عام امریکی میزائلوں اور اس کے دیئے ہوئے گولوں سے کیا جارہا ہے۔
انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ
مغرب جس طرح غزہ پر تسلط کے لئے صیہونی حکومت کی حمایت کررہا ہے، اس کے پیش نظرعلاقے کے عوام ہاتھ پر ہاتھ رکھ کے فلسطینی عوام کی نسل اور صیہونی حکومت کے دیگر جرائم کا تماشا نہیں دیکھ سکتے اور یہ وہی چیز ہے جس نے یمنی عوام کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے پر مجبور کیا ہے۔
انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے عوام نے غزہ کے عوام کی حمایت میں اپنے ملین مارچ میں ملک کی مسلح افواج سے مطالبہ کیا کہ اپنے دینی، اخلاقی اور انسانی فرائض پر عمل کریں اور صیہونی حکومت کی جارحیت روکیں اور یمن کی مسلح افواج نے اپنے عوام کے مطالبے پر صیہونی حکومت کے بحری جہازوں اور اسی طرح ان جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں جو مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جارہے تھے ۔
انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو نے صیہونی حکومت کے جہازوں کی حفاظت کے لئے امریکی اتحاد کی تشکیل کو بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کی سلامتی کے لئے سنجیدہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں اور تصادم بڑھانے کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شر پسند امریکا اور اس کے اتحادیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ان کا خبیث اتحاد یمن کو غزہ کے عوام کی حمایت اور اسرائیلی نیز مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں پر حملے سے نہیں روک سکتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے کے ہر الزام کو مسترد کرتا ہے ، اپنی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی بھی دھمکی کو قبول نہیں کرے گا اور ہر حملے کا سخت اوروسیع جواب دے گا۔
انصارللہ یمن نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اتحاد اسرائیلی جہازوں کی حفاظت کے لئے بنایا گیا ہے اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازرانی اور پورے علاقے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔
انصاراللہ یمن کےپولٹ بیورو نے اپنے بیان کے آخر میں صیہونی حکومت کو بھی غزہ پر حملے جاری رہنے کے نتائج کی طرف سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک غزہ پر حملے بند نہیں ہوجاتے اور اس کا محاصرہ ختم نہیں کردیا جاتا، اس وقت تک کوئی بھی اتحاد بحیرہ احمر میں اس کے بحری جہازوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتا۔