تہران – ارنا – سویڈن کے محکمہ ایمیگیریشن نے قرآن  کریم کی بے حرمتی کرنے والے سلوان مومیکا کو ملک سے نکال دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ارنا نے بغداد الیوم آن لائن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سویڈن کے محکمہ ایمیگریشن نے اعلان کیا ہے کہ سلوان مومیکا کو  جو عراقی شہری ہے اور اس نے سویڈن میں پناہ لے رکھی ہے، یہاں سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

سویڈن کے محکمہ ایمیگریشن نے اسی کے ساتھ دعوی کیا ہے کہ اس بات کے پیش نظر کہ مومیکا کو اپنے ملک میں ایذائيں دی جاسکتی ہیں، اس لئے فی  الحال اس حکم پر عمل نہیں کیا جائے گا۔  

 سویڈن کے محکمہ ایمیگریشن کے ایک ترجمان نے اس بارے میں رائٹرز کو بتایا ہے کہ محکمے نے مومیکا کا ریزیڈنس پرمٹ کینسل کرکے اس کو عراق واپس بھیج دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن  حکومت  سویڈن  فی الحال اس فیصلے پر عمل نہیں کرسکتی کیونکہ عراق واپسی پر اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہوسکتا ہے اور اس کو ایذائیں دی جاسکتی ہیں ، بنابریں اس کو 16 اپریل 2024 تک کا محدود ریزیڈنس پرمٹ دیا گیا ہے جس کے بعد اس کو یہاں سے نکال دیا جائے گا۔

سویڈن کے محکمہ ایمیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ سلوان مومیکا کو یہاں سے نکالنے کا فیصلہ اس لئے کیا  گیا ہے کہ اس نے ریزیڈنس پرمٹ کے لئے  اپنی درخواست میں غلط اطلاعات دی ہیں ۔  

 یاد رہے کہ سلوان مومیکا نے گزشتہ مہینوں کے دوران کئي بار قران کریم کی بے حرمتی کرکے مسلمین عالم کا غیظ وغضب بھڑکایا ہے۔  

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu 

لیبلز