تہران، ارنا - ایرانی سماجی بہبود کی تنظیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ تمام کوششوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف یک طرفہ اور غیرمنصفانہ اقدامات اور پابندیوں نے معذوروں کے حقوق کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

یہ بات علی محمد قادری نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہونے والے معذور افراد کے حقوق کے کنونشن کے ریاستی فریقین کی کانفرنس کے 15ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ غیر منصفانہ پابندیوں نے ایران میں معذوروں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد پر بھاری بوجھ ڈالا، جس میں ادویات کی درآمد میں دشواری کے علاوہ، نقل و حرکت کی سہولت کے لیے استعمال ہونے والی خدمات اور آلات کی قیمتوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔
قادری نے کہا کہ اس حقیقت کی تصدیق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندے النا دوہان نے انسانی حقوق پر یکطرفہ جبر کے اقدامات کے منفی اثرات کے بارے میں اپنی ابتدائی رپورٹ میں کی جنہوں نے اس سال مئی کے وسط میں ایران کا دورہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت معذوروں کے لیے خدمات کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر کام کر رہے ہیں اور علم پر مبنی کمپنیاں اور مقامی پروڈیوسرز اس میدان میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu