بدھ کی شام پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل ھرمز اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں مسعود پزشکیان نے دنیا کے مظلوموں بالخصوص فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو ایک اصولی اور غیر متغیر پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی تعلیمات اور اصولوں کی بنیاد ہے۔ امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی ایران کی روایت اور اس پختہ یقین کی بنیاد پر ہم فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے اپنی پوری صلاحیتیں بروئےکار لائیں گے۔
صدر مملکت نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے تسلسل اور بے دفاع فلسطینی عوام کی قابل رحم صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلم و بربریت کے تسلسل کا بنیادی سبب اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی دنیا میں اچھے روابط کے خواہاں ہیں تاکہ مسئلہ فلسطین سمیت علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک مشترکہ نقطہ نظر اور موقف اپنایا جاسکے۔
پزشکیان نے عالم اسلام میں تقسیم اور ٹوٹ پھوٹ کو بدخواہوں اور ملت اسلامیہ کے دشمنوں کی پیچیدہ سازشوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دشمن ایک طرف اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے، ان کے وسائل کو لوٹنے اور اس کے بدلے میں اسلحے اور فوجی سازوسامان کو خطے میں داخل کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے اور طریقے استعمال کر رہا ہے، اور دوسری جانب غاصب، بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کو غزہ، لبنان اور دیگر اسلامی سرزمین پر اپنے جرائم کو جاری رکھنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مختلف ممالک کے حکام سے ملاقاتوں اور بین الاقوامی فورمز میں شرکت کی ہماری بنیادی ترجیحات میں مظلوم فلسطینی عوام کا دفاع ہے۔ صدر نے صیہونی جیلوں سے فلسطین کے پاپولر فرنٹ کے رہنماؤں کی رہائی اور ان کی کامیابی کی دعا کی۔
اس ملاقات میں پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل ھرمز نے مزاحمتی محاذ کے شہداء کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فلسطینی کاز کے لیے ایران کی مسلسل اور اصولی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی حمایت، روشن خیالی اور فلسطین کے مسئلہ میں متحد ہونے والے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ آج کے حساس اور پیچیدہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ ہمیں مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کے مربوط نقطہ نظر اور متحد موقف کی ضرورت ہے، کہا کہ اس راہ میں ایران اور اس کے اعلی حکام کا کردار ہمیشہ امام خمینی (رح) کے اصل افکار کا حامی و رہنما رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ