غزہ کے پناہ گزینوں کے خیموں پر حملہ، جنگی جرم کی عینی مثال: ترجمان وزارت خارجہ

تہران/ ارنا- ترجمان وزارت خارجہ نے غزہ میں صیہونیوں کی جنگی جارحیت جاری رہنے اور عالمی اداروں کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے پناہ گزین کیمپوں اور غزہ کے بے گھروں کے خیموں پر بمباری کو جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف سنگین ظلم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی اور بے عملی اور امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی حمایت نے غاصب صیہونیوں کو اپنے جرائم میں اور بھی جری کردیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی غیرسنجیدگی کے نتیجے میں صیہونیوں نے اپنے حملوں کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا ہے اور جنگ بندی کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں میں ڈرون اور قاتلانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کو سزا نہ ملنے کے نتیجے میں لبنان، شام بلکہ پورے علاقے کی سیکورٹی اور سلامتی داؤ پر لگ گئی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے علاقے کے ممالک سے صیہونی اپرتھائیڈ حکومت کو روکنے اور اس کے شرپسندانہ اور توسیع پسندانہ رویے کو لگام دینے کے لیے سنجیدہ قدم اٹھائیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .