ارنا کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے نام خط ميں امریکا اور صیہونی حکومت کے ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا ہے جو انھوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں لگائے ہیں۔
امیر سعید ایروانی نے لکھا کہ ہے کہ یہ بے بنیاد الزامات غزہ ميں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وسیع اور المناک جنگی جرائم اور وحشیانہ نسل کشی سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی کوشش کے علاوہ اور کچھ نہیں ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر سفارتکار امیر سعید ایروانی نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ ان بے بنیاد الزامات نے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلق سے امریکا کی معاندانہ پالیسیوں کو نمایاں کردیا ہے۔
انھوں نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی مندوب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جس طرح بے بنیاد الزامات لگائے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انھوں نے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ جاری رکھنے کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔
امیر سعید ایروانی نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نے ہرموقع سے فائدہ اٹھاکر سلامتی کونسل کو واشنگٹن کا سیاسی ایجنڈا آگے بڑھانے کے پلیٹ فارم میں تبدیل اور حقیقت کے برخلاف ایران کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔
آپ کا تبصرہ