ارنا کے مطابق انصار اللہ یمن کے رہبر عبدالمک الحوثی کی جانب سے اعلان کردہ چار روزہ مہلت ختم ہونے پر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح سے صیہونی حکومت سے وابستہ بحری جہازوں کی رفت و آمد پر دوبارہ پابندی لگا دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انصاراللہ یمن کے رہبر سید عبدالمک بدرالدین الحوثی نے غزہ کے لئے بھیجی جانے والی امداد کا راستہ کھولنے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کو چار دن کی مہلت دی تھی اور کہا تھا کہ یہ ملت ختم ہونے پر اس سے وابستہ بحری جہازوں کی رفت و آمد پر پابندی بحال کردی جائے گی۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک ویڈیو بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ہم نے بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور باب المندب میں اسرائيل سے وابستہ بحری جہازوں کی رفت وآمد پر پابندی بحال کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی نے یحیی سریع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ غزہ کے عوام کے لئے کھانے پینے اور دواؤں کی سپلائی کا راستہ نہیں کھول دیا جاتا۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جہازوں کی نقل و حرکت پر پابندی نافذ ہوچکی ہے اور جو اسرائیلی جہاز بھی اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اس کو حملے کا نشانہ بنایا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم غزہ اور غرب اردن کے عوام کی استقامت کی قدردانی کرتے ہیں اور فلسطینیوں کی دلیرانہ استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آپ کا تبصرہ