حماس : قدس کے علاوہ اور کسی طرف کوئی مہاجرت نہیں ہوگی، قدس اور مسجدالاقصی ہماری ریڈلائن ہے

تہران – ارنا – فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ قدس کے علاوہ اور کسی طرف کوئي مہاجرت نہیں ہوگی

ارنا کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینیوں کی اجباری نقل مکانی، فلسطین سے ان کی بے دخلی اور ان کے خاتمے  نیز سرزمین فلسطین پر قبضہ کے لئے ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے منصوبوں کا ہماری طرف سے جواب یہ ہے کہ قدس کے علاوہ اور کسی طرف فلسطینیوں کی مہاجرت نہیں ہوگی۔

 حماس کا یہ بیان غزہ کے علاقے خان یونس میں تین صیہونی جنگی قیدیوں کو ریڈکراس کی تحویل میں دینے کی تقریب کے موقع پر جاری ہوا ہے۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ قدس اور مسجدالاقصی کی علامتی تصویر اور دشمن کے جنگی قیدیوں کی حوالگی کی تقریب میں فلسطینی عوام کی وسیع شرکت، غاصبوں اور ان کے حامیوں کے لئے اس پیغام کی حامل ہے کہ قدس اور مسجدالاقصی  ہماری ریڈ لائن ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن کے جنگی قیدیوں کے چھٹے گروہ کی آزادی اس بات کی تاکید ہے کہ مذاکرات اور جنگ بندی معاہدے کی پابندی کے علاوہ ان جنگی قیدیوں کی آزادی کا اورکوئی راستہ نہیں ہے۔  

حماس نے اپنے بیان ميں کہا ہے کہ ہمارے عوام، امت اسلامیہ اور دنیا کے حریت پسند،  قیدیوں کے شرافتمندانہ تبادلے کے موقع پر استقامتی فلسطینی محاذ کی طاقت، عزت اور سربلندی کے شاہد ہیں  اور یہ منظر ہمارے عوام اور استقامتی محاذ کی یک جہتی کی عکاسی کرتا ہے۔

حماس نے اپنے بیان کے آخر ميں  غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پوری دنیا پر یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ غزہ سے فلسطینیوں کو زبرستی کہیں اور منتقل کرنے، غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو ختم کردینےکے ٹرمپ اور ان کے حامی غاصبوں کے منصوبے کا ہماری طرف سے جواب یہ ہے کہ   قدس کے علاوہ اور کسی طرف کوئی مہاجرت نہیں ہوگی ۔    

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .