ارنا نے سنیچر کو الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عالمی ریڈکراس کی گاڑیاں، حماس سے تین صیہونی جنگی قیدیوں کو اپنی تحویل میں لینے کے لئے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے لئے روانہ ہوگئی ہیں ۔
اس بارے ميں صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ رعیم نامی علاقے میں جنگی قیدیوں کو اپنی تحویل میں لینے کے لئے تیار ہے۔
اس درمیان ابلاغیاتی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ نے صیہونی جنگی قیدیوں کو ریڈکراس کے حوالے کرنے کی جگہ، انواع و اقسام کے 10 ہتھیاروں کی نمائش کی ہے جنہيں القسام بریگیڈ اور سرایا القدس کے مجاہدین نے طوفان الاقصی کی جنگ کے دوران، صیہونی فوجیوں سے بطور مال غنیمت حاصل کیا تھا۔
دوسری جانب الجزیرہ نے القسام بریگیڈ کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی جنگی قیدیوں کو ایک اسرائیلی فوجی گاڑی میں لایا جائے گا جو جنگ کے دوران بطور مال غنیمت حاصل کی گئی تھی۔
اس ذریعے نے یہ بھی بتایا ہے کہ القسام بریگیڈ نے ایک صیہونی جنگی قیدی، " ساگی دیکل حن" کو سونے کا ایک زیور بطور ہدیہ مذکورہ قیدی کی اس بچی کے لئے دیا ہے جو اس کی گرفتاری کے چار مہینے بعد پیدا ہوئی تھی۔
آپ کا تبصرہ