ارنا کے مطابق آذربائیجان کے نائب وزیر اعظم شاہین مصطفی نے جو مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لئے ایک وفد لے کر تہران آئے ہوئے ہیں، آج منگل کوصدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ۔
صدر مملکت نے اس ملاقات میں، ایران اور آذربائیجان کے روابط کو دوستانہ اور برادرانہ نیز دینی اور اپنائیت کی بنیادوں پر استوار قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے پرخلوص روابط دیرینہ اورجغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پڑوسی اورمسلمان ملکوں کے ساتھ روابط ميں توسیع کو اپنی بنیادی پالیسی قرار دیا ہے اور آذربائیجان اور ایران کے باہمی تعاون کی تقویت اور دوام دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے اسٹریٹیجک حلیف ميں تبدیل کررہا ہے۔
آذوبائیجار کے نائب وزیر اعظم شاہین مصطفی نے بھی اس ملاقات میں صدر ایران سے ملاقات پر خوشی کا اظہارکیا اور ان کی خدمت میں اپنے ملک کے صدر الہام علی اف کا سلام پہنچایا اور کہا کہ آپ کی صدارت کی مختصر مدت میں ہی جو اہم تغیرات رونما ہوئے ہیں، وہ ایران اور آذربائیجان کے روابط اور خطے کے روشن مستقبل کی نوید دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم علاقے میں امن و ثبات کے قیام کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے موثر کردار کی قدردانی کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ علاقے کے مسائل خطے کے ممالک کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہیں اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کوئی مدد نہیں کرسکتی۔
انھوں نے دونوں ملکوں کے تجارتی و اقتصادی روابط کی تازہ ترین صورتحال اور توانائی، ریلویز نیز روڈ ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ پروجکٹوں میں پیشرفت کی رپورٹ صدر پزشکیان کو پیش کی اور کہا کہ تہران کے دورے پر آنے والا اعلی سطحی اقتصادی وفد، اس سفر میں ایران اور آذربائیجان کے تجارتی اور اقتصادی روابط میں زیادہ سے زیادہ توسیع کا نقشہ راہ پیش کرنا چاہتا ہے اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کے خواہاں ہیں۔
انھوں نے اسی کے ساتھ ، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو آذربائیجان کے دورے کے لئے اپنے ملک کے صدر کا دعوت نامہ پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ