صدر آصف علی زرداری نے آج 29 نومبر کو فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دن اس بات کی یاد دھانی کراتا ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور مساوات کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن اس وقت منایا جا رہا ہے جب دنیا اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی تباہی اور نسل کشی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
پاکستان کے صدر نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے اور دنیا کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک قابض اسرائیلی حکومت کے جارحانہ جرائم کی شدید مذمت اور عالمی برادری سے فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلسل قبضہ اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری خطے میں امن کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
شہباز شریف نے زور دے کر کہاکہ پاکستان بھی غزہ کی پٹی میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا خواہاں ہے اور فلسطینی عوام کو انسانی امداد کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
آپ کا تبصرہ