ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے تہران ایئرپورٹ پر رافائل گروسی کا استقبال کیا۔
رافائل گروسی اپنے دورہ تہران کے موقع پر وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات اور گفتگو کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گروسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران میں تعینات آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے۔ انہوں نے ایران کے اعلی عہدے داروں سے ملاقات کے موقع پر سیف گارڈ کے دعووں کے سلسلے میں گفتگو میں پیشرفت کی بھی امید ظاہر کی۔
واضح رہے کہ نائب وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے دو ہفتے قبل ویانا میں رافائل گروسی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ کا دورہ ایران، 4 مارچ 2023 کو ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان جاری ہونے والے مشترکہ بیان کے تناظر میں انجام پائے گا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا تھا کہ ایران سیف گارڈ کے معاملات میں ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے مگر یہ کہ بعض ممالک سیاسی کھیل کھیلتے ہوئے گروسی کی کوششوں اور ایران اور آئی اے ای اے کے بڑھتے تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہوں۔
یاد رہے کہ 4 مارچ 2023 کو ایران اور آئی اے ای اے نے، باقی اختلافی مسائل کو سرانجام تک پہنچانے کے سلسلے میں اتفاق کیا تھا جس کے بعد ماہرین کی سطح کی متعدد میٹنگ منعقد ہوئیں اور کئی فنی موضوعات کو حل کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ