ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین پیر حسین کولیوند نے ریڈکراس اور ہلال احمر سوسائٹیوں کی فیڈریشن کے سربراہ اورانٹرنیشنل ریڈکراس کمیٹی کے چیئرمین کے نام اپنے مکتوب میں، لبنان اور شام کی سرحد پرایران کے فیلڈ ہاسپیٹل پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت اور ضروری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیتوں میں زخمی اور بے گھرنیز دربدر ہونے والے عام شہریوں کے علاج کے لئے لبنان اور شام کی سرحد پر ایک 56 بیڈ کا فیلڈ ہاسپیٹل قائم کیا جس پر غاصب صیہونی حکومت نے نو اکتوبر 2024 کو حملہ کردیا۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین نے اپنے مکتوب میں وضاحت کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے میں اسپتال اوردواؤں کو اسٹور جل کر خاک ہوگیا اور ہمارے لئے اس اسپتال میں زخمیوں اور بیماروں کا علاج اور ان کی انسانی خدمت ممکن نہیں رہی۔
پیر حسین کولیوند نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی انٹر نیشنل ریڈکراس کمیٹی اور ہلال احمر نیز ریڈکراس سوسائیٹیوں کی بین الاقوامی فیڈریشن سے مطالبہ کرتا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے کی مذمت کی جائے، اس سلسلے میں فوری طور پر لازمی اقدامات انجام دیئے جائيں اور اس کی رپورٹ اقوام متحدہ کوپیش کی جائے۔
آپ کا تبصرہ