ارنا نے شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس نے ایک بیان جاری کرکے لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی جس میں سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے، سخت مذمت کی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت یہ وحشیانہ جرائم امریکا کی حمایت کے بغیر انجام نہیں دے سکتی۔
حماس نے صیہونی حارحیت کے مقابلے میں لبنان کے عوام اور حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وحشیانہ جنگی جرائم پر صیہونی حکام کی گرفتاری کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دے۔
حماس نے کہا ہے کہ لبنان پر وسیع وحشیانہ حملہ جنگی جرم ہے جو صیہونیوں کی نازی ماہیت کا مظہرہے اور اس بحران کی نشاندہی کرتا ہے جس میں نتن یاہو اپنی شکست خوردہ پالیسیوں اور غزہ میں جنگ اور فلسطینی عوام کی نسل کشی بند کرنے کی مخالفت کے نتیجے میں گرفتار ہوا ہے۔
حماس نے لبنان کے خلاف صیہونی حکومت اور اس کی انتہا پسند نازی کابینہ کے ان جرائم کے لئے پوری طرح امریکا کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکا کی حمایت اور پشت پناہی کے بغیر صیہونی حکومت ان جرائم کا ارتکاب نہیں کرسکتی۔
حماس نے آخر میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون کی تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان اور فلسطین پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے رکوانے کے لئے ٹھوس فیصلہ کریں اور اس سرکش حکومت کو الگ تھلگ کرنے کے لئے اس کا بائیکاٹ کریں۔
ارنا نے لبنان کے محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وسیع حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 182 اور زخمیوں کی تعداد 727 ہوگئی ہے۔
آپ کا تبصرہ