صدر ایران کا لبنانی عوام سے ہمدردی کا اظہار، عالمی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں

تہران(IRNA) سوشل میڈیا ہنڈل پر اپنے ذاتی صفحہ پر عربی زبان میں شائع ہونے والے ایک پیغام میں صدر مسعود پزشکیان نے لبنان کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

جمعرات کو ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر نے اس پیغام میں لبنان کے عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے، لبنان میں پیجرز دھماکوں کو عام شہریوں کے خلاف اسرائیل کی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

 پیغام میں آیا ہے کہ اللہ تعالی سخت انتقام لینے والا ہے اور عام شہریوں کے خلاف اس جرم کا ارتکاب کرنے والے سزا نہیں بچ پائيں گے۔

 صدر پزشکیان کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی شہریوں کو نشانہ بنانے والے اس گھناؤنے جرم کی مذمت کرتا ہے اور لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدرایران نے بین الاقوامی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

 ڈاکٹر پزشکیان نے آخر میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ لبنان اور لبنانی عوام کی حفاظت فرمائے اور شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا کرے  اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔

ارنا کے مطابق، خبر رساں ذرائع نے بدھ کی شام بیروت کے جنوبی مضافات اور لبنان کے دیگر علاقوں میں ویسے ہی دھماکوں کی اطلاع دی ہے جیسے کے منگل کی شام اس ملک کے مختلف شہروں میں ہوئے تھے۔

بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بدھ کو لبنان کے مختلف علاقوں میں پھٹنے والے آلات "ICOM V 82" قسم کے تھے اور موساد نے ان آلات میں دھماکا خیز مواد اڑاے کے لیے وہی طریقہ کار اپنایا ہے جو منگل کے روز پیجرز دھماکوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

بعض خبر رساں ذرائع نے لبنان میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کے پھٹنے کی بھی اطلاع دی۔

اس سلسلے میں میڈیا ذرائع نے تصاویر شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ دھماکوں کے بعد لبنان کے مختلف علاقوں میں گھروں اور کاروں میں آگ لگ گئی ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .