ارنا کے مطابق لندن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے پیر کی شام جاری ہونے والے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ آج ایران میں رئیس علی دلواری کا یوم شہادت ہے۔
لندن میں ایران کے سفارت خانے نے اپنے اس پیغام میں، جو سماجی رابطے کے ایکس پیج پر بھی جاری ہوا ہے، لکھا ہے کہ شہید رئیس علی دلواری برطانوی سامراج کے خلاف ایران کی قومی جدوجہد کے ہیرو تھے ۔
لندن میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ شہید رئیس علی دلواری جو برطانوی سامراج کے خلاف مجاہدت میں شہید ہوئے، ایرانی قوم کی وطن پرستی اورسامراج کے خلاف ان کے جذبہ استقامت کی علامت ہیں۔
لندن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے اپنے اس پیغام میں کنایتا لکھا ہے کہ اگر آج رئیس علی دلواری زندہ ہوتے تو بہت ممکن ہے کہ بعض برطانوی حکام ایران کی سرزمین کے ایک حصے پر ناجائز قبضے کے خلاف استقامت کے جرم میں ان کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کرتے ۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی کیلنڈر کے چھٹے مہینے شہریور کی 12 تاریخ جو اس سال 2 ستمبر کو پڑی ہے، ایران کے بو شہر کے علاقے تنگستان کے مرد مجاہد رئیس علی دلواری کا یوم شہادت ہے۔ اس مناسبت سے ان دن کو سامراج کے خلاف مجاہدت کے دن کے نام دیا گیا ہے۔
شہید رئیس علی دلواری نے پہلی جنگ عظیم کے دوران ایران کے جنوبی علاقے تنگستان میں جارح برطانوی افواج کے خلاف انقلابی مجاہدت کی قیادت کی تھی۔
شہید رئيس علی دلواری اوران کے ساتھیوں نے جارح برطانوی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 3 ستمبر 1915 کو اس راہ میں شہید ہوکر بوڑھے برطانوی سامراج کے خلاف مجاہدت کی علامت بن گئے۔
آپ کا تبصرہ