ارنا نے پیر کی شام فلسطین کی وفا نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غاصب صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر تین بار حملےکئے ہیں۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں 48 فلسطینی شہید اور70 زخمی ہوگئے ۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے ان وحشیانہ حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد شہدائے غزہ کی تعداد 40 ہزار 786 اور زخمیوں کی تعداد 94 ہزار224 ہوگئی ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی بدستور لاپتہ ہیں ۔
فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ فلسطینی بھی شہید ہوچکے ہیں اور ان کی لاشیں غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباریوں میں منہدم ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں جنہیں غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے جاری رہنے کی وجہ سے اب تک نہیں نکالا جاسکا ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ کے سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے گیارہ مہینے سے غزہ پر وحشیانہ ترین حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
اس دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی عوام کی نسل کشی اور قتل عام کیا،ڈیڑھ لاکھ بے گناہ فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا، غزہ کے عوام کے گھروں، اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں سمیت سبھی بنیادی شہری تنصیبات تباہ کردیں، لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر اور دربدر کردیا، فلسطینی عوام پر بھوک مری اور قحط مسلط کردیا لیکن اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہ کرسکی۔ نہ حماس کو ختم کرسکی اور نہ ہی اپنے جنگی قیدیوں کو آزاد کراسکی۔
اس کے برعکس صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباریوں میں بہت سے صیہونی جنگی قیدی بھی ہلاک ہوگئے جس کی وجہ سے نتن یاہو حکومت کو سخت اندرونی بحران کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ