بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں لے جانے کے لیے پاکستانی طیارہ ایران آئے گا، پاکستانی سفیر

اسلام آباد (ارنا) پاکستان کا C-130 طیارہ یزد میں پیش آنے والے بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں لے جانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران بھیجا جائے گا۔

ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے،  جو اس بس حادثے کی تازہ ترین صورتحال کی پیروی کرنے کے لیے یزد میں ہیں، آج (جمعہ) IRNA کے رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میتوں کی منتقلی کے لیے خصوصی طیارہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گيا ہے۔

انہوں نے صوبہ یزد کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے قابل قدر تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی طیارہ آج شام یزد پہنچے گا اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

 دونوں ممالک کے حکام کی موجودگی میں بس حادثے میں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یزد ایئرپورٹ پر ایک خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔

یزد کے ضلع دہشیر  علاقے تفت میں گزشتہ منگل کی شب پاکستانی زائرین کو عراق لے جانے والی بس الٹنے کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو صوبہ یزد کے چار اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی شناخت پاکستانی سفارت خانے کے  ناظم الامور کی موجودگی میں کی گئی۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حادثے میں زخمی ہونے والے پاکستانی زائرین  کی فوری امداد  اور علاج معالجے کے بہترین سہولتیں فراہم  کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .