ایران کے نئے وزیر خارجہ اور یورپی یونین  کے فارن پالیسی چیف کا تبادلہ خیال

تہران (ارنا) یورپی یونین کے فارن پالیسی چیف جوزف بورل نے ایران کے نئے وزیر خارجہ کو ٹیلیفون پر مبارکباد پیش کی اور پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات، سیکورٹی کے امور نیز خطے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

ارنا کے مطابق یورپی یونین کے فارن پالیسی چیف جوزف بورل نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں موجودہ علاقائی اور عالمی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ایران کی نئی حکومت اور یورپی یونین کے درمیان، تبادلہ خیال، مشاوروت اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔   

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے یورپی یونین کے فارن پالیسی چیف جوزف بورل کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں 

کہا کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان باہمی تعاون کا میدان بہت وسیع ہے لیکن یہ تعاون باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ہی ہوسکتا ہے۔

انھوں نے کہا  کہ اسلامی جمہوریہ ایران باہمی احترام کی بنیاد پر یورپی یونین کے ساتھ روابط اور تعاون میں فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ موجود رکاوٹوں کو دور اور بعض یورپی ملکوں کے غلط رویوں کو تبدیل کیا جائے۔

 رپورٹ کے مطابق سید عباس عرا‍قچی اور جوزف بورل نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ایران کے وزیر خارجہ نے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .