ارنا کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے شعبہ رابطہ عامہ نے پیر کو بتایا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار ایران کی درخواست پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس رپورٹ کے مطابق سنیٹر اسحاق ڈار او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں غزہ کے حالات اور غاصب اسرائيلی حکومت کی جارحیتوں کے بارے میں اسلام آباد حکومت کا موقف بیان کریں گے۔
اس حوالے سےپاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پراو آئی اسی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پر سات اگست کو جدہ میں ہوگا۔
اس بیان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس میں شرکت اور مشرق وسطی کے حالات نیز غزہ کی صورتحال اور صہیونی جارحیتوں کے بارے میں اسلام آباد حکومت کا موقف بیان کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنیچر تین آگست کو ایران کے قائم مقام وزير خارجہ علی باقری کنی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے لئے ایران کی درخواست کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران آئے تھے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری مہمان تھے جنہیں بدھ 31 جولائی کی صبح غاصب صیہونی حکومت نے ایک دہشت گردانہ جارحیت میں شہید کردیا تھا۔
آپ کا تبصرہ