31 جولائی، 2024، 5:38 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85554747
T T
0 Persons

لیبلز

 اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران کی وزارت خارجہ کا بیان

 تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے دہشت گردانہ حملے میں اسماعیل  ہنیہ کی شہادت پر ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ امریکا صیہونی حکومت کا حامی اور سرزمین فلسطین پر ناجائز قبضے اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں اس کا ساتھ  دے رہا ہے، اس لئے ایران اس دہشت گردانہ حملے کا ذمہ دار امریکا کو سمجھتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے  بیان میں دہشت گردانہ حملے میں حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بارے میں کہا گیا ہے کہ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اور شہید قدس جنرل قاسم سلیمانی کے دیرینہ دوست اسماعیل ہنیہ جو ایران کے منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران آئے تھے، اور ایران کے عوام اور حکومت کے مہمان تھے،   بدھ 31 جولائی کی صبح غاصب اسرائيلی دشمن کے ایک دہشت گردانہ حملے شہید ہوگئے ۔   

   اسماعیل ہنیہ فلسطینی عوام کے منتخب رہنما اور اپنے حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی قانونی مجاہدت کے سرخیل تھے، دہشت گردانہ حملے میں ان کی شہادت سرزمین فلسطین پر قابض جرائم پیشہ ، قانون شکن اور جارح صیہونی ٹولے کی دہشت گردانہ ماہیت کا ایک اور ثبوت ہے۔    

 ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ  یہ دہشت گردانہ اقدام نہ صرف یہ کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ  علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سنجیدہ خطرہ بھی ہے۔   

 اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ جرائم پیشہ اسرائیلی حکومت  نے گزشتہ چند عشروں سے   دوسرے ملکوں میں فلسطینی رہنماؤں کو دہشت گردانہ حملوں  میں شہید کرنے کے اقدامات انجام دیئے ہیں، لیکن اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کی  اس کی یہ نئی دہشت گردانہ جارحیت مغربی ایشیا میں بد امنی پھیلانے کی غرض سے  دس مہینے سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی جرائم کا حصہ ہے۔    

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ  حماس کے مجاہد رہنما اسماعیل ہنیہ کو دہشت گردانہ حملے میں شہید کرنے کے غاصب صیہونی حکومت کے اس جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اپنے قومی اقتدار اعلی نیز ارضی سالمیت کے خلاف اس جارحیت کا جواب دینے کے اپنے حق پر زور دیتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کو توقع ہے کہ دنیا کے ممالک اور بین الاقوامی ادارے، اسرائیلی حکومت کے ناجائز قبضے کے مقابلے میں فلسطینی قوم کی قانونی جدوجہد اورحق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہوئے، سنجیدگی کے ساتھ غاصب صیہونی حکومت کا موا خذہ کریں گے اور اس باغی  غاصب حکومت کو سزادینے کے لئے ضروری قانونی اور سیاسی  اقدامات عمل میں لائيں گے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے عظیم مجاہد اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، امت اسلامیہ، غیور فلسطینی قوم، اسلامی استقامتی تحریک حماس، استقامتی فلسطینی محاذ میں شامل سبھی مزاحمتی فلسطینیوں گروہوں، شہید کے لواحقین اور  فلسطینی امنگوں کی  حامی سبھی اقوام ، حکومتوں اور دنیا کے سبھی حریت پسندوں کو تعزیت اور مبارکباد پیش کی ہے۔    

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .