ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کی شام متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کے ساتھ ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا کہ نئے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور تعاون میں پہلے سے زیادہ وسعت پیدا ہوگی۔ شیخ عبد اللہ بن زائد نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پیں ہیں۔
صدر مملکت نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو گہرا اور مضبوط کرنا اسلامی جمہوریہ ایران اور چودہویں حکومت کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے کہا: اسلامی ممالک اور اقوام ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور اگر وہ متحد ہو جائیں تو صیہونی حکومت فلسطینی عوام کے خلاف اس طرح کے بھیانک جرائم کے ارتکاب کے قابل نہیں رہے گی ۔
ڈاکٹر پزشکیان نے امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں توسیع اسلامی ممالک کے درمیان حقیقی اتحاد اور ہم آہنگی کا باعث ہوگی۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد نے بھی متحدہ عرب امارات کے سربراہ کی جانب سے ڈاکٹر پزشکیان کو صدارت کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا: متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام ایران اور ایرانی عوام سے گہرا لگاؤ رکھتے ہيں ۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے سربراہ نے آپ کو بتانے پر زور دیا کہ ہمارے ملک کو اپنا دوست ملک اور اپنا دوسرا گھر سمجھیں۔ یقین رکھیں کہ متحدہ عرب امارات کے دروازے آپ کے لیے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں توسیع کی ہر تجویز کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔
آپ کا تبصرہ